Thursday, March 4, 2021  | 19 Rajab, 1442
ہوم   > پاکستان

کراچی، لاہور،اسلام آباد،پشاور اورکوئٹہ سمیت بیشتر شہروں میں بجلی بند

SAMAA | - Posted: Jan 10, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 10, 2021 | Last Updated: 2 months ago

ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سماء ٹی وی کے مطابق کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، نیشنل پاور کنٹرول سینٹر حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں فنی خراب ہوئی ہے، فالٹ تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے۔

تقریباً پورے ملک میں بجلی کی فراہمی رات پونے 12 بجے معطل ہوئی، حیدر آباد، مٹیاری، جام شورو، عمر کوٹ، میر پور خاص اور ٹھٹھہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، بہاولپور کے علاوہ بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

نمائندہ سماء کے مطابق بلوچستان کے 3 اضلاع میں بجلی موجود ہے، ان علاقوں میں بجلی ایران سے آتی ہے۔

کراچی کے تقریباً تمام علاقے ہی بجلی سے محروم ہیں، میٹروول، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، بفرزون، اختر کالونی، لیاری، ملیر، کھوکھرا پار، نارتھ کراچی، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، صدر سمیت شہر کا 80 فیصد حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

لاہور میں سمن آباد، گلبر، دھرم پورہ، جوہر ٹاؤن ٹھوکر نیاز بیگ، رائے ونڈ، تاجپورہ، شادمان سمیت تقریباً پورا شہر اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔

حکام کی جانب سے تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ خرابی کہاں ہوئی ہے اور بجلی کی فراہمی کب تک بحال ہوگی۔

نمائندہ سماء کے مطابق پولیس حکام نے اہلکاروں کو گشت میں اضافے کی ہدایت کردی تاکہ موجودہ صورتحال سے جرائم پیشہ افراد فائدہ نہ اٹھاسکیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا، فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی رہی ہے، اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہورہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن پر پہنچ چکی ہیں، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب خان خود اس سارے بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں، عوام کو وقتاً فوقتاً آگاہ رکھا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی 500 کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں بجلی بحال ہوجائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی پولیٹیکل کمیونیکیشن شہباز گل نے ٹویٹر پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اطمینان رکھیں، بڑی فنی خرابی کی وجہ سے بجلی معطل ہوئی ہے، افواہیں پھیلانے سے بھی گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی عمر ایوب سمیت پوری ٹیم بجلی کی فراہمی معطل ہونے پر کام کررہی ہے، جلد ہی خرابی ڈھونڈ کر بجلی بحال کردی جائے گی۔

بجلی کی عدم فراہمی کے باعث انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہوگئی۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube