ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے والوں سے باخبر ہیں
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے متاثرین سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی کوشش کی جارہی جس سے ہم بخوبی آگاہ ہیں۔
وزیراعظم عمران نے کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک ميں فتنہ پھيلانے والےعناصر کے پيچھے جائيں گے، فرقہ وارانہ فسادات پھيلانے والوں کا اچھی طرح علم ہے۔ حکومت،قوم اور سیکیورٹی فورسز متاثرین کے ساتھ کھڑی ہيں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ايسا گھناؤنا کام کرنے والے صرف 35سے 40لوگ ہيں، ذمہ داروں کیخلاف پوری قوت سےکارروائی کررہے ہيں، سانحہ مچھ ملک ميں انتشار پھيلانے کی کڑی کاحصہ تھا، ہزارہ برادری سے ہمدردی کرنے پر مجھے دھمکیاں ملیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کےساتھ مسلسل رابطےمیں تھا، متاثرین کو یقین دلاتاہوں ہر ممکن مدد کریں گے آپکو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ہزارہ برادری دہشت گردی کاشکار ہے پہلے بھی آپکے پاس آچکا ہوں۔ لکھ کردیا ہےجو وعدے کیے گئے ہیں ان کوپور اکریں گے، ہماری سیکیورٹی فورسز نے فرقہ وارانہ فسادات کو ناکام بنایا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں دہشت گردوں نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کو آنکھوں پر پٹیاں اور ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر انہیں اس وقت ذبح کیا ، جب کان کن اعلیٰ الصبح فیلڈ پر جانے کیلئے موجود تھے۔
حملے کی ذمہ داری عالمی کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے ان کی ویب سائٹ عماق پر قبول کی گئی تھی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی ہزارہ برادری اور دیگر مسلک سے وابستہ افراد پر حملے اور قتل کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی گئی ہیں۔