Thursday, January 20, 2022  | 16 Jamadilakhir, 1443

پختونخوا،ورلڈبینک اور نیسلے کے مابین ذمہ دارانہ سیاحت پر اشتراک

SAMAA | - Posted: Dec 14, 2020 | Last Updated: 1 year ago
SAMAA |
Posted: Dec 14, 2020 | Last Updated: 1 year ago

وزیرا عظم عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب کے دوران خیبر پختونخواہ کے سیاحتی مقامات پر ایکو ٹورزم کے فروغ کیلئے عالمی بینک گروپ، نیسلے پاکستان اور خیبر پختونخواہ کے درمیان اشتراک سے ذمہ دارانہ اور ماحول دوست سیاحت ست متعلق پروگرام (ٹریک) کا لوگو متعارف کرا دیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ’میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کو خاص طور پر مبارکباد دیتا ہوں کہ یہ جو آپ نے ورلڈ بینک اور نیسلے پاکستان کے ساتھ جو پارٹنر شپ کی ہے یہ اس پروجیکٹ کیلئے کی ہے جو میں بہت دیر سے سمجھ رہا تھا کہ پاکستان میں اس طرح کا پروجیکٹ شروع کرنا چاہیے۔‘

شراکت داروں نے خیبر پختونخواہ کے سیاحتی مقامات پرسالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پلاسٹک ری سائیکلنگ کے ذریعے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ٹریک(TREK)  کی سرگرمیوں میں سیاحوں کیلئے آگاہی مہم اور کچرے کو اکٹھا کرکے ری سائکل کرنے کیلئے مقامی افراد اور کاروباری اداروں کو تربیت فراہم کرناشامل ہے۔

مقررین نے ملازمتیں پیدا کرنے میں سیاحت کے شعبے کی اہمیت پر زور دیا اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے، ریسکیو سروسز اور سیاحتی مقامات کی منصوبہ بندی کے ذریعے سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے میں خیبر پختونخواہ کے محکمہ سیاحت کے کردارکو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا ’ہم مقامی اور عالمی سیاحوں کیلئے نئے سیاحتی مقامات کھول رہے ہیں اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نجی شعبہ کو دعوت دیتے ہیں تاکہ صوبائی معیشت کے اس اہم سیکٹر کو مزید ترقی دی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک گروپ، نیسلے اور دیگرا سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہماری شراکت داری سے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنے، سیاحتی مقامات کا بہتر انداز میں انتظام کے مسئلے سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ہماری کوششوں کو تقویت ملے گی۔‘

صوبائی سیکرٹری اسپورٹس، سیاحت اور امور نواجواناں عابد مجید کہا کہ ٹریک (TREK)  پروگرام کو عالمی بینک گروپ کے ساتھ قریبی شراکت داری سے نافذ کیا جارہا ہے۔ محکمہ اور اس کی سرگرمیاں ذمہ دار سیاحت کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ورثے کا تحفظ، سیاحتی انفرااسٹرکچر کی فراہمی اور سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک گروپ  ناجے بین ہاسین نے کہا ’عالمی بینک سیاحتی شعبے میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی کوششوں میں تعاون کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔ آج خیبر پختونخوا حکومت اور نجی شعبہ کے ساتھ اہم شراکت داری کے آغاز کا دن ہے اور ہمیں توقع ہے کہ ملک بھر میں ذمہ دار سیاحت کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے مزید کارپوریٹ ادارے آگے آئیں گے۔ اس  شعبہ میں ترقی اور ملازمتیں پیدا کرنے کے مواقع بہت زیادہ ہیں۔

اس پروگرام میں نیسلے کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سی ای او نیسلے ثامر شدید نے کہا کہ ’ہمارے وژن کے تحت ہم کچرے کے مسائل سے نمٹنے کیلئے اقدامات میں تیزی لا رہے ہیں اور عالمی بینک گروپ اور خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ہماری شراکت داری اسی سمت میں ایک قدم ہے۔ ہم کوڑے کو ری سائکل کرنے والی کمپنیوں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان روابط قائم کریں گے اور اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں اور تربیتی پرگراموں کے ذریعے رویوں میں تبدیلی لائیں گے۔

اس سے قبل KITE اور اکنامک ری وائیٹالازیشن کے پی (ERKP)منصوبے نے گلیات، کاغان اور کالام کی متعلقہ ترقیاتی اتھارٹیز کی حدود میں کچرے اٹھانے اورٹھکانے لگانے کیلئے 2 ایسکاویٹرز، 6 کمپکٹرز، 4 ڈمپر ٹرکس اور 300 سے زائد کوڑے دان فراہم کئے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube