بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند
آزاد کشمیر اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
محکمہ موسميات کے مطابق نتھیا گلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں برف باری کا سلسلہ تيسرے روز بھی جاری ہے جبکہ برفباری کا سلسلہ آج شام تک جاری رہے گا۔
برفباری کے باعث متعدد دیہات کی رابطہ سڑکیں بند ہو جانے سے شہريوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گلیات میں 18 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔
آزاد کشمير کے مختلف علاقوں ميں بھی بارش اور برفباری کا تيسرا روز ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں سڑکیں بند ہوگئيں۔
چارسدہ ميں ہلکی بارش بعد سردی کی شدت ميں مزيد اضافہ ہوگيا ہے جب کہ ساتھ ہی شہر ميں گيس بھی ناياب ہوگئی۔ ہلکی بارش کا سلسلہ تین روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔
اوکاڑہ اور گردونواح ميں بارش نے موسم کو مزيد سرد کر ديا ہے جبکہ بارش کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی منگل 24 نومبر کی رات موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ ہلکی بارش کا سلسلہ بدھ 25 نومبر کی شام تک جاری رہے گا۔