Tuesday, December 7, 2021  | 2 Jamadilawal, 1443

کراچی: پی ایس ایل میچز، کون سی سڑکیں بندرہیں گی

SAMAA | - Posted: Nov 10, 2020 | Last Updated: 1 year ago
SAMAA |
Posted: Nov 10, 2020 | Last Updated: 1 year ago

فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ 5 (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں میچز کے دوران ٹریفک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

کرونا وائرس کی وباء کے باعث مارچ میں پاکستان سپر لیگ 5 کے آخری چار میچز ملتوی کردیئے گئے تھے، جن کا انعقاد اب 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کیا جارہا ہے۔

گلشن اقبال کے اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ٹریفک پولیس کے ایس پیز، ڈی ایس پیز اور سیکشن افسران نے شرکت کی۔ جس میں ڈی آئی جی پی ٹریفک نے تمام افسران کو ہدایات دیں کہ ٹریفک کی روانی کیلئے ہر ممکن بہترین انتظامات کئے جائیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میچز کے دوران کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت نہ برتی جائے جبکہ اسٹاف ریفلیکٹر جیکٹ، لائٹ اور وسل (سیٹی) استعمال کریں اور پی ایس ایل میچز کے دوران روٹ کی نگرانی کرنے کیلئے انٹر سیکشن پر تعینات اسٹاف گاڑیوں کو اسٹاپ لائن سے پہلے روکا جائے۔

کراچی میں سپر لیگ کے میچز اور ٹیم پریکٹس کے دوران حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والا روڈ سیکیورٹی اقدامات کے باعث ٹریفک کیلئے بند رہے گا جبکہ شہری متبادل کے طور پر جیل چورنگی روڈ استعمال کرسکیں گے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل کو حسن اسکوائر پل سے ٹریفک نیو ٹاؤن کی جانب موڑا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ نیپا اور لیاقت آباد کی ٹریفک بھی نیو ٹاؤن کی جانب موڑی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں پہلی بار نمائندگی کرنے کیلئے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی سمیت دیگر کھلاڑی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

کراچی پہنچنے والے غیرملکی کھلاڑیوں میں ملتان سلطانز کے رائلی روسو، روی بوپارہ، ایڈم لیتھ، لاہور قلندرز کے بین ڈنک، کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز، کیمرون ڈیلپورٹ، پشاور زلمی کے ثاقب محمود اور کارلوس برتھ ویٹ بھی شہر قائد میں موجود ہیں۔ ملتان سلطانز کے عمران طاہر اور کوچ اینڈی فلاور آج (منگل کو) کراچی پہنچیں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube