Thursday, January 21, 2021  | 6 Jamadilakhir, 1442
ہوم   > پاکستان

کراچی تا لاہور ٹرین کاسفر صرف 7گھنٹے کا رہ جائیگا

SAMAA | - Posted: Nov 6, 2020 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Nov 6, 2020 | Last Updated: 3 months ago

پاکستان ریلوے کی مین لائن 1 کی تعمیر نو اور توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی اور لاہور کے درمیان ٹرین کا سفر صرف 7 گھنٹے کا رہ جائے گا۔

اس بات کا انکشاف وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو اٹک میں حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ ہے جس پر 6 ارب 80 کروڑ امریکی ڈالر کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ یہ تعمیر نو اور توسیعی کام مین لائن 1 یعنی کراچی تا پشاور براستہ لاہور ریل کے راستے پر کیا جائے گا۔

پہلے سے موجود ایک ہزار 872 کلومیٹر طویل اس ٹریک کو 2 رویہ بھی کیا جائے گا اور اس پر چلنے والی ٹرینوں کی موجودہ رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی۔ اس منصوبے میں کمپیوٹرائزڈ سگنل و کنٹرول سسٹم بھی شامل ہیں جبکہ گریڈ سیپریشن کے ذریعے ٹرینوں کے آپریشن کو محفوظ بھی بنایا جائے گا۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ لاگت کے اعتبار سے ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا (جس کی ایک خصوصیت یہ بھی ہوگی) جو لوگوں کو کراچی سے لاہور صرف 7 گھنٹوں میں پہنچا دیا کرے گا۔

عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان میں ریلوے کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ سفر کا ایک سستا اور آرام دہ طریقہ ہے۔

سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے اور اگر ہم اس مقصد میں کامیاب ہوگئے تو ہمیں آئی ایم ایف سے قرضے لینے کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔

وفاقی حکومت نے حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو پر 30 کروڑ روپے صرف کئے ہیں۔ اس اسٹیشن کو اب دو منزلہ بنادیا گیا ہے اور اس میں کینٹین اور پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 127 برس قبل بننے والے اس اسٹیشن کی تعمیر نو اور مرمت کا کام پہلی مرتبہ عمل میں لایا گیا ہے۔

کراچی تا پشاور مین لائن 1 کے روٹ میں حیدرآباد، نوابشاہ، روہڑی، رحیم یار خان، بہاولپور، خانیوال، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے اسٹیشنز آتے ہیں۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube