وفاقی حکومت نے معروف قانون دان نعیم بخاری کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کا چیئرمین تعینات کردیا۔ نعیم بخاری 2018 میں باقاعدہ تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو ہوا جس میں دیگر فیصلوں کے ساتھ نیم بخاری کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ وہ تین سال کے لیے سرکاری ٹی وی کے چیئرمین کے عہدے پر تعینات ہوں گے۔
وفاقی کابینہ کی جانب منظوری کے بعد نعیم بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تقرری کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نعیم بخاری نے 18 جون 2016 کو تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کا شمار وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے۔ نعیم بخاری سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ہیں۔ وہ پانامہ کیس میں نوازشریف کے خلاف وکالت کرچکے ہیں اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران سمیت دیگر رہنماؤں کے مقدمات بھی لڑتے ہیں۔