فوٹو: اے ایف پی
پی آئی اے نے جعلی اسناد اور طویل غیر حاضری پر 11 ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا۔
ترجمان پی آئی اے عبید اللہ جان کے مطابق قومی ایئر لائن میں اصلاحات اور احتساب کے عمل کے تحت 38 ملازمین کیخلاف ایکشن لیا گیا، جعلی اسناد اور طویل غیر حاضری پر 11 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سرکاری ریکارڈ کو نقصان پہنچانے، بدعنوانی پر 10 ملازمین کو برخاست جبکہ اسمگلنگ اور سرکاری معلومات لیک کرنے پر 2 ملازمین کو برطرف کرکے جواب طلب کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سرکاری احکامات نظر انداز کئے جانے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 3 ملازمین کی تنزلی جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 ملازمین کی تنخواہ میں کٹوتی بھی کی گئی۔
عبید اللہ جان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران 10 ملازمین بے قصور قرار پائے، 16 ملازمین کو اچھی کارکردگی پر کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام کارروائیاں قانون کے مطابق کی گئیں، سزا و جزا کا یہ عمل جاری رہے گا۔