Sunday, November 28, 2021  | 22 Rabiulakhir, 1443

اسلام آباد ہائیکورٹ: نواز شریف کے اشتہار جاری کرنیکا فیصلہ

SAMAA | - Posted: Oct 7, 2020 | Last Updated: 1 year ago
SAMAA |
Posted: Oct 7, 2020 | Last Updated: 1 year ago

Nawaz

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدالت میں پیشی کیلئے اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، متعلقہ اداروں کو اشتہار جاری کرنے کی ہدایت کردی، نواز شریف کو اشتہار جاری ہونے کے 30 روز کے اندر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز پر اپیلوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران نیب پراسیکیورٹر نے کہا کہ عدالت مطمئن ہے تو نواز شریف کے اشتہار جاری کردیں، ہمارے خیال میں کافی شواہد عدالت کے سامنے آچُکے ہیں، شواہد سے ظاہر ہے وارنٹ جان بوجھ کر وصول نہیں کئے جارہے، سیکشن 87 کے مطابق اشتہار جاری کرنے کے شواہد مکمل ہوگئے۔

نیب نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف کی 10 اور مریم نواز کی 7 سال کی سزاؤں کی معطلی کا کالعدم قرار دینے کے ساتھ سزا کو 14 سال تک بڑھانے کی اپیلیں بھی دائر کر رکھی ہیں۔

نواز شریف کی طبی بنیادوں ضمانت 27 فروری کو ختم کردی گئی تھی جبکہ ستمبر میں ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے گئے تھے۔

عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر اشتہار جاری کرنے ہیں تو اُن کے اخراجات کون اٹھائے گا؟۔ نیب نے جواب دیا کہ اشتہارات کے اخراجات ریاست ہی اٹھائے گی۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ کیا ریاست سے مراد ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور وفاقی حکومت ہے؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جی اشتہارات ہم جاری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری لندن بھیج دیے گئے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پوچھا کہ کیا اشتہار صرف اخبارات میں شائع کئے جائیں گے؟۔ نیب نے بتایا کہ عدالت کے باہر، نواز شریف کے موجودہ اور مستقل پتے پر بھی اشتہار لگائے جائیں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اشتہار کے بعد نواز شریف کو پیش ہونے کیلئے کتنے دن کا وقت دیا جائے گا؟، جس پر نیب نے کہا کہ 30 دن کا وقت دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیانات مکمل ہونے پر نواز شریف کی پیشی کیلئے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا، ساتھ ہی سابق وزیراعظم کو اخبار میں اشتہار جاری ہونے کے بعد 30 دن کے اندر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید جانیے : نواز شریف کی طلبی کا نوٹس جاتی امراء سے غائب

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو اشتہار جاری کرنے کے اخراجات 2 دن میں رجسٹرار آفس میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان نے نواز شریف کے وارنٹ سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹری خارجہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 وارنٹ بھیجے تھے۔ عدالت کے استفسار پر انہوں نے دستاویزات وصولی اور برطانیہ بھیجنے کا ڈائری نمبر پڑھ کر سنایا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دفتر خارجہ کا رجسٹر دیکھ کر ڈائریکٹر یورپ کو واپس کردیا۔

تفصیلات جانیں : مجھے سزا دینے کے چکر میں ملک ڈبو دیا،نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت کی جانب سے علاج کی اجازت ملنے کے بعد 4 ہفتوں کیلئے لندن گئے تھے تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود وہ اب تک واپس نہیں آئے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے صحت بہتر ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیوں کا بھی آغاز کردیا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube