Sunday, September 27, 2020  | 8 Safar, 1442
ہوم   > پاکستان

کراچی: مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش

SAMAA | - Posted: Aug 6, 2020 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Aug 6, 2020 | Last Updated: 2 months ago

شہر میں100سے130ملی میٹر بارش کا امکان

کراچی میں شدید حبس کے بعد مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے گرمی کی شدت کو کم کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر آج سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ بارش سے قبل آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

جمعرات کے روز شدید حبس کے بعد نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، گلشن حدید، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، بفرزون، فیڈرل بی ایریا، حسن اسکوائر، لیاقت آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، کورنگی، لانڈھی، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے گرمی کی شدت کم کردی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوپہر 12 بجے سے شروع ہوا تاہم ہلکی بارش کے بعد شدید حبس ہوگیا، سہ پہر تین بجے کے بعد مون سون کے نئے اسپیل نے پورے شہر کو لپیٹ میں لے لیا، اس دوران تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آج 6 اگست کی شام اور رات پھر بادل جم کر برسيں گے۔ دوسری جانب آج صبح تھر پارکر میں بارش نے موسم خوشگوار بنادیا، جبکہ حيدرآباد، ٹھٹھہ، بدين اور بلوچستان کے مختلف علاقوں ميں آج شام سے بارش کا امکان ہے۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے 24 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسميات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو پنجاب کے مختلف علاقوں ميں بھی بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل تک بارشوں کا يہ طاقتور سسٹم سندھ سميت بلوچستان تک پھيل جائے گا، صرف کراچی میں 200 سے ملی ميٹر تک بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے تناظر میں این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور ديگر محکمہ جات کیلئے ایڈوائزری جاری کی۔

جمعرات سے ہفتہ تک بارش کی پیشگوئی پر ترجمان این ڈی ایم اے نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ روڈ کلیئرنس مشینری اور ضروری عملے کو ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رکھیں۔

ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر برقی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں، ماہی گیر حضرات گہرے پانی میں جانے سے اجتناب کریں۔

صبح کے اوقات میں کراچی کا درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

کراچی سے 6 ہزار ٹن کچرا نکال لیا

اين ڈی ايم اے کے مطابق 3 بڑے نالوں کے 25 چوک پوائنٹس کليئر ہوگئے ہیں۔ اس دوران 6 ہزار ٹن کچرا نکالا گيا۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ موسلا دھار بارش کے پیش نظر نالوں کی صفائی کے کام بھی تیزی کردی گئی ہے، تاکہ شہر کو گزشتہ ادوار میں پیش آنے والی صورت حال سے بچایا جاسکے۔

شہر میں ہوا کا دباؤ کم رہے گا، ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے شہر میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے پر سسٹم مضبوط ہو سکتا ہے۔

شہروں میں سیلابی صورت حال

میٹ آفس کی جانب سے جاری وارننگ کے مطابق بارش کے چوتھے اسپیل کے دوران بلوچستان اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔ اس دوران سندھ اور مکران کے ساحل پر سمندری لہریں طلاطم خیز رہیں گی۔ میٹ آفس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہی گیر حضرات سمندر میں جانے سے گریز کریں، جب کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔

تیز اور موسلا دھار بارش کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں جمعہ اور ہفتہ کو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر حصے

جمعرات کے روز ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہیگا۔ جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ۔اس دوران شمال مشرقی پنجاب اورکشمیر کے بعض اضلاع میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube