Friday, September 25, 2020  | 6 Safar, 1442
ہوم   > پاکستان

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

SAMAA | - Posted: Aug 4, 2020 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Aug 4, 2020 | Last Updated: 2 months ago

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیرانتظام تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ میئر کراچی نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کو الرٹ رہنے کا بھی حکم دیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر کے ایم سی کے تمام 13 اسپتالوں اور متعلقہ محکموں میں ایمرجنسی نافذ کردی، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر محکموں کے متعلقہ افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات 6 اگست سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں جمعرات سے اتوار تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

میئر کراچی نے ضلعی چیئرمینوں سے رابطہ کرکے محکمے عملے اور مشینری کو تیار حالت میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انڈر پاسز اور چوکنگ پوائنٹس پر مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس قبل ازوقت پہنچا دیئے جائیں، بارش ہونے کی صورت میں پانی کی نکاسی کا عمل فوری شروع کیا جائے۔

وسیم اختر نے مزید کہا کہ مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیر شہری متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کے بی سی اے سمیت دیگر متعلقہ ادارے کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کیلئے مخدوش عمارتوں پر کڑی نظر رکھیں، متوقع بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں۔

میئر کراچی نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال اپنی شکایات ضلعی سطح پر قائم کئے گئے ایمرجنسی سینٹر پر درج کرائیں، شہری اپنی شکایات کا اندراج 1339 پر بھی کرا سکتے ہیں۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام شہر میں 13 اسپتال ہیں، جن میں عباسی شہید اسپتال ناظم آباد، سوبھراج اسپتال برنس روڈ، سرفراز رفیق شہیدی اسپتال متصل ڈی ایم سی ساؤتھ آفس صدر ٹاؤن، گزدر آباد اسپتال رامسوامی، آئی اسپینسر اسپتال اولڈ سٹی ایریا، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز فیڈرل بی ایریا بلاک 6، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارڈ ڈیزیز ایف بی ایریا بلاک 16، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس سیکٹر 37 اے، شاہ فیصل کارڈیک اسپتال ایس ایف ٹی نمبر ایک، لانڈھی کارڈیک ایمرجنسی سینٹر بابر مارکیٹ، لیاری جنرل اسپتال، کے ایم سی لپروسی اسپتال منگھوپیر اور گزری میٹرنٹی اسپتال۔

کے ایم سی کے تحت اسپتالوں میں عباسی شہید اسپتال، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، لانڈھی کارڈیک ایمرجنسی سینٹرل اور شاہ فیصل کارڈیک اسپتال کو حال ہی میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

کے ایم سی انتظامیہ نے حال ہی میں ان اسپتالوں میں جدید مشینری اور دیگر آلات نصب کئے ہیں جبکہ کرونا وائرس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube