بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، شہری
لاہور کی ضلعی حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود لاہور کے کئی علاقوں سے قربانی کے جانوروں کی آلائشيں اٹھائی نہ جاسکيں جس کے باعث فضاء میں سخت تعفن پھیلا ہوا ہے۔
عید پر صفائی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی ناکامی کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں آلائشوں کے علاوہ جا بجا کوڑا کرکٹ بھی پایا جاتا ہے اور صورتحال بارشوں کے باعث مزید ابتری کی سمت گامزن ہے۔
شہريوں کا کہنا ہے کہ آلائشوں کی موجودگی ان کے لئے مصیبت بنی ہوئی ہے اور خصوصاً مسجدوں کو جانے کے لئے بھی سڑکوں سے گزرنا دشوار ہوچکا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے وعدے تو بہت کيے تھے لیکن عيد الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے معاملے میں تو کم از کم وہ بری طرح ناکام ہی دکھائی دیتی ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ ان کے علاقے میں آلائشيں بدستور موجود ہيں جنہیں کوئی اٹھانے والا نہيں اور صفائی ستھرائی کی یہ بری صورتحال کئی بیماریوں کے پھیلنے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور سالڈ ويسٹ مينجمنٹ کمپنی نے گلبرگ سميت شہر کے کئی علاقوں ميں آلائشوں کو اٹھانے کے بعد عرق گلاب کا چھڑکاؤ بھی کيا۔