سپریم کورٹ کا 2رکنی بینچ سماعت کر رہاہے
سپریم کورٹ میں سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ آج 4 اگست کو اس کیس کی سماعت کر رہا ہے، جہاں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کے دلائل جاری ہیں۔
اس سے قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سانحہ اے پی ایس کی تحقیقات سے متعلق ازخود نوٹس لیا تھا۔ اب چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جو اس مقدمے کو سن رہے ہیں۔
سماعت کے دوران سانحہ کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ بھی زیر بحث آئے گی۔ عمل درآمد کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین کی درخواست پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پشاور ہائی کورٹ کے سینئر جج کو انکوائری کا حکم دیا تھا۔ انکوائری کمیشن کی رپورٹ 2 ہفتے قبل سپریم کورٹ جمع کرائی تھی۔
واضح رہے کہ دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کرکے 150 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔۔ شہداء میں بڑی تعداد معصوم طلبہ کی تھی۔