Thursday, August 6, 2020  | 15 Zilhaj, 1441
ہوم   > پاکستان

میڈیاسے محاذآرائی مناسب نہیں، چوہدری شجاعت کی وزیراعظم کو تجویز

SAMAA | - Posted: Jul 6, 2020 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Jul 6, 2020 | Last Updated: 1 month ago

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی ہے کہ میڈیا کے ساتھ محاذ آرائی کسی بھی صورت مناسب نہیں، اس سے صرف حکومت کا نقصان ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، ریاست کے استحکام کیلئے اس کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔

سابق وزیراعظم اور عمران خان کی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو میڈیا کے ساتھ بگڑتے تعلقات پر خط لکھ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ امید کرتا ہوں اتحادی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے لکھے گئے خط کو آپ تنقید کے پیرائے میں نہیں لیں گے، حکومت اور میڈیا کے درمیان قربت کی بجائے فاصلے پیدا کروائے جارہے ہیں، اس سے صرف حکومت کا نقصان ہوگا، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، ریاست کے استحکام کیلئے اس کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ میڈیا کے ساتھ محاذ آرائی کسی بھی صورت مناسب نہیں، روزنامہ جنگ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری اور 24 نیوز کے لائسنس کی معطلی محاذ آرائی اور نشانہ بنانے کے تاثر کو تقویت دے رہی ہے۔

چوہدری شجاعت کا اپنے خط میں مزید کہنا ہے کہ اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران بھاری ٹی وی لائسنس فیس کے بجائے ایسا ایم او یو تیار کرنے کا کہا تھا، جس میں حکومت کیخلاف کسی بھی قسم کی خبر کو صبر و تحمل سے برداشت کرنا تاہم ملکی مفاد کیخلاف خبر پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنا اور ایسے چینل کیخلاف کارروائی کرنا شامل ہو۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ نے مزید کہا کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کئے جاسکتے ہیں، امید ہے کہ آپ وزیراطلاعات کو کہیں گے کہ تمام چینلز کے مالکان کے ساتھ معاملات میز پر بیٹھ کر حل کریں، ان کے واجبات ادا کئے جائیں تاکہ ورکرز کو تنخواہیں دی جاسکیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے 24 نیوز کا لائسنس معطل کرنے کا اقدام فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا اس سے میڈیا ورکرز کو بیروزگاری سے بچایا جاسکے گا، کیونکہ آئین و قانون کی سر بلندی ہی تمام مسائل کا حل ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے لائسنس معطلی کے بعد 24 نیوز کی انتظامیہ نے چینل بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس اقدام سے کرونا وائرس کی وباء کے دوران معاشی تنگی کے ماحول میں 950 سے زائد افراد بیروزگار ہوجائیں گے۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube