کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ماسٹر مائنڈ فوراً ہی مارا گیا جس کے بعد دیگر دہشت گرد گھبرا گئے۔ اسی وجہ سے منصوبہ ناکام ہوگیا۔
تفتیشی اداروں کے مطابق دہشت گرد سلمان نہ صرف اس کارروائی کا ماسٹر مائنڈ تھا بلکہ
اس نے اسٹاک ایکسچینج کے اطراف کی ریکی کر رکھی تھی لیکن دہشت گرد سلمان حملے کے بانوے سیکنڈ پر مارا گیا۔ اس نے دیگر دہشت گردوں کو اپنے ساتھ اندر لے کر جانا تھا مگر اس کے مارے جانے کے بعد دیگر دہشت گردوں کو اسٹاک ایکسچینج کے اندر جانے تک کے راستے کا علم نہ تھا۔
سلمان کے دیگر ساتھی کافی دیر تک سوچتے رہے کہ کس راستے سے اندر جائیں لیکن راستے کا علم نہ ہوجانے کی وجہ سے وہ گھبرا گئے اور باہر ہی ادھر ادھر بھٹکتے رہے۔ سیکیورٹی اداروں نے دہشت گرد سلمان کی لاش اس کے ورثاٗ کے حوالے کردی ہے۔