فضائی کمپنیوں نے کرونا وائرس کی وباء کے باعث منسوخ ہونے والی پروازوں کے ٹکٹوں کی رقوم واپس کرنے سے انکار کردیا ہے جس پر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے غیر ملکی ایئرلائنز کے منافع کی بیرون ملک منتقلی پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کلیمز جمع کرنے کا سسٹم معطل کردیا ہے۔ سسٹم بند ہونے کی وجہ سے کلیمز جمع نہیں ہورہے۔ فضائی کمپنیاں اربوں روپے کے کلیمز کی جگہ متبادل ٹریول واؤچر کی پیشکش کر رہی ہیں جبکہ مسافروں کی جانب سے غیر استعمال شدہ ٹکٹوں کی نقد رقوم کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
پاکستانی مسافروں کی 3 ارب روپے سے زائد کی رقوم منسوخ شدہ ٹکٹوں کی شکل میں پھنس گئی ہیں۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ کلیمز کی مکمل رقوم واپس نہ ہوئیں تو بحران کا شکار ایجنٹس کا دیوالیہ نکل جائے گا۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانیوں کی پھنسی ہوئی رقوم کی واپسی تک غیر ملکی ایئرلائنز کو منافع اپنے ملکوں کو منتقل کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔