ہوم   > پاکستان

کروناوائرس پھیلنے کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، مرتضیٰ وہاب

SAMAA | - Posted: Mar 11, 2020 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Mar 11, 2020 | Last Updated: 3 months ago

سندھ حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کا ذمہ دار تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار کہنے کے باوجود ایئرپورٹس پر اسکریننگ کا موثر نظام نہیں بنایا گیا۔ فضائی سفر کرکے آنے والے گواہی دے رہے ہیں کہ ایئرپورٹ پر ان کی اسکریننگ نہیں کی گئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بد قسمتی سے وفاقی حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہی۔ اس میں بہتری کی گنجائش ہے۔ وفاقی حکومت سسٹم بہتر بنائے، اگر انہیں ہماری ضرورت ہے تو ہم مدد کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ائیرپورٹ پر اسکریننگ سسٹم درست کام نہیں کر رہا اور ائیرپورٹ حکام بھی اپنا کام درست طریقے سے انجام نہیں دے رہے۔ سعودی عرب سے ایک شخصیت آئی ہے جس نے بتایا کہ ائیرپورٹ پر ان کی کوئی اسکریننگ نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کا کیس بھی تفتان بارڈر کی مانیٹرنگ پر سوالیہ نشان ہے۔ جس بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اسے ٹیسٹ کے لیے کوئٹہ لایا گیا، یعنی اس کے قرنطینہ کو توڑا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کرونا کے سندھ میں تمام مریض کراچی ائیرپورٹ سے داخل ہوئے۔ ہمیں وہاں نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ جب سے سندھ میں کیس رپورٹ ہوا تب سے وزیراعلیٰ متحرک ہیں لیکن وفاق کی طرف سے ایسا کچھ نظر نہیں آیا۔ کل وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اس میں کرونا سے متعلق کوئی بریفنگ نہیں ہوئی۔ وفاقی حکومت کرونا وائرس کے معاملے پر خاموش ہے اسے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

تعلیمی اداروں کا معمہ

کراچی میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات یا کھلنے سے متعلق والدین اور بچے ذہنی کشمکش کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسکولوں اور کالجز کے حوالے سے کل تک فیصلہ کریں گے۔ جو عوامی مفاد میں ہوگا وہی فیصلہ کریں گے۔ تکلیف کی اس گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ ہے۔

نوٹ: علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن پر کال کریں

اگر آپ پر کروانا وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو 99203443-021، 99204405-021  پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کے دفتر میں حکام کال وصول کریں گے اور آپ سے چند بنیادی سوال کرنے کے بعد آپ کو ایک مخصوص ڈاکٹر کا رابطہ نمبر دیں گے۔

دوسرے مرحلے میں آپ ڈاکٹر کو کال کریں جو آپ سے مکمل معلومات لینے کے بعد آپ کو ٹیسٹ کیلئے بلائے گا۔ اگر ڈاکٹر یہ سمجھے کہ آپ کو ہنگامی مدد کی ضرورت ہے تو محکمہ صحت کی ٹیم فوری آپ کے پاس پہنچ جائے گی۔

جب آپ ڈاکٹر کو کال کریں گے تو وہ آپ سے نام، فیملی نام، ایڈریس، علامات اور ان کی شدت سے متعلق معلومات لیں گے۔ اس کے ساتھ آپ کی ٹریول ہسٹری اور ان لوگوں کی ٹریول ہسٹری بھی پوچھیں گے جن سے آپ نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہوگی۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube