ہوم   > پاکستان

بجلی و گیس کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی، وزیراعظم

SAMAA | - Posted: Mar 9, 2020 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Mar 9, 2020 | Last Updated: 3 months ago

قبائلی علاقوں کو مزید ترقی دینگے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کہتے ہيں ملک کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ترقی نہ کرسکا، جس نے چوری نہ کی ہو اسے لندن بھاگنے کی ضرورت نہيں پڑتی، بجلی اور گیس کی قیمت اب مزید نہیں بڑھے گی، قبائلی علاقوں کو مزید ترقی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے مہمند ایجنسی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شاندار استقبال پر قبائلی عوام کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ کبھی بھی کوئی ایسا ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران کرپٹ ہوں، وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا، حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جائیں تو ملک غریب ہوتا ہے، کرپٹ حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے لندن اور امریکا میں بڑے بڑے گھر لے لیتے ہیں، جن کے اکاوَنٹ، کاروبار اور محل بیرون ملک ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے مشکل وقت میں صبر کو انسان کی بہترین صفت کہا ہے، دعا ہے اللہ کشمیریوں کو مشکل وقت میں صبر کرنے کی توفیق دے، بھارتی فورسز نے کشمیری عوام کو 7ماہ سے گھروں میں بند کر رکھا ہے، کشمیری عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ساری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا سے کہہ رہا تھا مودی کی حکومت انتہاء پسند ہے، پوری دنیا نے دہلی میں غریب مسلمانوں پر ظلم دیکھا، بھارتی حکومت کے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں، ہندوتوا کا نظریہ مسلمان سمیت دیگر اقلیتوں کے بھی خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام متعارف کروا کر پیچھے رہ جانے والوں کی ذمہ داری لی ہے، قبائلی علاقوں میں تعلیم اور صحت کا نظام سب سے برا، نوکریاں بھی نہیں ملتیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان قبائلی عوام کو ہوا، اب قبائلی علاقوں میں ترقی لانے کا موقع ہے، قبائلی علاقوں کے عوام کو اوپر اٹھا کر ترقی یافتہ پاکستانی شہروں سے ملانا ہے، یہ سیاسی تقریر نہیں، میرا دینی فرض ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین دنیا میں سب سے تیزی سے اوپر جارہا ہے، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین نے فیصلہ کیا غریب عوام پر پیسہ خرچ کرنا ہے، چینی حکومت نے غریب عوام کیلئے انڈسٹریاں لگائیں، پاکستان میں بے پناہ معدنیات اور 12 موسم ہیں، مہمند میں بہترین زیتون کی پیداوار ہوتی ہے، قبائلی نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضے بھی فراہم کریں گے۔

عمران خان نے قبائلی علاقے کے ڈھائی ہزار طلبہ کو اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ روزگار کیلئے مہمند میں انڈسٹریل اسٹیٹ لگائیں گے، عوام کو مہمند ڈیم سے پانی فراہم کریں گے، میرے علاوہ کوئی قبائلی عوام کیلئے آواز نہیں اٹھاتا تھا، اب قبائلی عوام کے نمائندے اسمبلیوں میں موجود ہیں، ہماری کوشش ہے افغانستان میں امن قائم ہو، 40 سال سے افغان عوام عذاب میں مبتلا ہیں، افغانستان میں امن سے قبائلی عوام کو بھی فائدہ ہوگا، افغان سرحد کھولنے کی کوشش کروں گا تاکہ عوام کو روزگار ملے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں 3 اور 4 جی ٹیکنالوجی کی ذمہ داری وفاقی وزیر مواصلات کو سونپ رہا ہوں، عوام کو بجلی اور گیس کے مسائل کی وجہ سمجھنی چاہئے، سابقہ حکومت نے مہنگی بجلی کی پیداوار کیلئے 30، 40 سال کے معاہدے کر رکھے ہیں، گیس کا بھی 15 سالہ معاہدہ ہے، جس سے گردشی قرضے بڑھے، پاکستان کی انڈسٹری بنگلہ دیش اور بھارت کا مقابلہ نہیں کرسکتی کیونکہ وہاں بجلی سستی ہے، فیصلہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمتیں ہر صورت کم کرنی ہیں، اب بجلی و گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
PM, IMRAN KHAN, PTI, DEVELOPMENT, TRIBLE AREAS, KP, FATA, MOHMUND, AFGHANISTAN, CHINA, CPEC,
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube