پشاور کے علاقے کارخانو میں دستی بم دھماکے سے 10 افراد معمولی زخمی ہوگئے ۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ منگل کی شام پشاور کے علاقے کارخانو میں پولیس چوکی کے قریب دیسی ساختہ بم دھماکہ سے کم از کم 10 افراد معمولی زخمی ہوئے ۔
ایس ایس پی آپریشنز ظہور آفریدی نے سماء ٹی وی کو بتایا کہ دھماکے میں 10 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جبکہ بی ڈی یو جگہ کا معائنہ کر رہی ہے تاہم حتمی رپورٹ تحقیقات کے بعد آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص شدید زخمی نہیں ہوا ہے اور ایک پولیس اہلکار کو بھی اس کی ٹانگوں پر معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ بم دھماکہ دیسی ساختہ بارودی مواد کا لگتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کررہا ہے۔
سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ یہ چیک پوسٹ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی حدود پر واقع تھی اور ڈنڈا بردار درجنوں اہلکار عام طور پر وہاں تعینات ہوتے ہیں۔