Friday, July 3, 2020  | 11 ZUL-QAADAH, 1441
ہوم   > پاکستان

کوئٹہ کی مسجد میں دھماکا، 15 افراد شہید، متعدد زخمی

SAMAA | - Posted: Jan 10, 2020 | Last Updated: 6 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 10, 2020 | Last Updated: 6 months ago

کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے سے ڈی ایس پی اور امام مسجد سمیت 15 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

آئی جی بلوچستان امجد بٹ کے مطابق کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کی ایک مسجد کے اندر نماز مغرب کے وقت زور دار دھماکے میں امام مسجد اور ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 10 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔

سنڈیمن صوبائی اسپتال سے جاری اعلامیے کے مطابق مسجد دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہے جبکہ واقعے میں 20 سے زائد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے اور جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تاحال علم نہیں، بی ڈی ایس سمیت فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کی جارہی ہے۔

دھماکے سے مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا، دروازے، کھڑکیاں اور الماریوں ٹوٹ پھوٹ گئی جبکہ دیگر سامان بھی بکھرا پڑا ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ دھماکا خودکش ہوسکتا ہے، جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ ہدف پیش امام تھے یا ڈی ایس پی امان اللہ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مغرب کی نماز کیلئے جماعت کھڑی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں شہید ہونیوالے ڈی ایس پی امان اللہ اسحاق زئی کا ایک بیٹا نجیب اللہ گزشتہ ماہ سریاب کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

مزی,د جانیے : کوئٹہ میں بم دھماکا، 2 افراد شہید، متعدد زخمی

وزیر خارجہ شارجہ محمود نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، کوئٹہ دھماکا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

انہوں نے شہداء کیلئے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی، وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی، شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، پولیس اور سول انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان کہتے ہیں کہ دیرپا امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، دہشت گرد عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے۔

کوئٹہ کے علاقے میگانکی روڈ پر 7 جنوری کو ہونیوالے ایک دھماکے میں 2  افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ واقعے میں فورسز کی گاڑی سمیت کئی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
QUETTA, BLAST, MASJID, DSP, POLICE, TERRORISM, IRAN, US, AFGHANISTAN, SHAH MEHMOOD, PAKISTAN, PTI, IMRAN KHAN
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube