بلاول خیالی پلاؤ پکانابندکریں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے الیکشن کمیشن میں کمشنر اور نئے ممبران کی تعیناتی میں تنازع جلد حل ہونے اور عمران خان کی اگلی مدت کےلیے بھی وزیراعظم منتخب ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔
لودھراں میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن سے بات چل رہی ہے،امید ہے کہ 10 دن سے پہلے معاملہ حل ہوجائے گا۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کا آئینی فرض ہے کہ دونوں مل کر اچھا فیصلہ کریں اور بات آگے نہ جائے،امید ہے کہ یہ فیصلہ ہوجائے گا اور الیکشن کمشنر کے تمام اراکین اور چیف الیکشن کمشنر بھی جلد آجائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو انتظامی تبدیلیاں کی ہیں اس سے چھوٹی چھوٹی کرپشن ختم ہو جائے گی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو خیالی پلاؤ پکانا بند کریں،عمران خان پانچ سال اپنی مدت پوری کریں گے اور اگلی مدت کے لیے بھی ٹھوک بجا کر کر وزیراعظم بنیں گے۔