ہوم   >  پاکستان

آئی ایم ایف کاپہلاجائزہ مکمل، پاکستانی معیشت میں بہتری کااعتراف

1 week ago

آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کا پہلا جائزہ مکمل کرلیا، اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد 45 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جلد ملنے کے امکانات روشن ہوگئے۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی مدد روکنے کیخلاف پاکستانی کوششوں میں نمایاں پیشرفت ہوئی،  رپورٹ کے مطابق حکومت کو کرپشن کیخلاف مزید اصلاحات کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کے معاشی کارکردگی دعوؤں کی آئی ایم ایف نے بھی تائید کردی، 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کے حوالے سے پہلا جائزہ مکمل ہونے کے بعد کھل کر مثبت پیشرفت کا اعتراف کیا اور کہا پاکستان نے مشکلات کے باوجود مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں زیادہ تر اہداف باآسانی پورے کرلئے، ترقی کا عمل سست تاہم مثبت ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارے میں کمی آئی ہے، ٹیکس آمدن بھی بڑھ گئی، موجودہ مالی سال میں مہنگائی کی اوسط شرح 11.8 فیصد کی سطح پر رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس کے بعد مہنگائی میں جلد کمی آئے گی۔

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے پائیدار ترقی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری رکھنے پر زور اور بجٹ اہداف پر محتاط عملدرآمد کا مشورہ بھی دیا ہے۔

مزید جانیے : پاکستان کو آئی ایم ایف سے نئے قرض کی پہلی قسط مل گئی

آئی ایم ایف نے ٹیکسوں میں چھوٹ، استثنیٰ اور گردشی قرضے ختم کرنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ٹیکس نیٹ بڑھانے پر زور دیتے ہوئے سماجی اور ترقیاتی اخراجات کو تحفظ دینے، سرکاری اداروں میں نظم و نسق بہتر بنانے اور کرپشن کیخلاف تیز تر اصلاحات کی بھی سفارش کی ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کو سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے کاروباری ماحول مزید بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

جائزہ مشن کے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ عنقریب واشنگٹن اجلاس میں قرض کی دوسری قسط 45 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دے گا۔

رواں سال 3 جولائی کو آئی ایم ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کیلئے 39 ماہ پر مشتمل پروگرام کے تحت 6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط 10 جولائی کو موصول ہوئی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ آئی ایم ایف سے پہلے جائزہ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوگئے، جس پر وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں
 
 
 
 
 
 
 
PAKISTAN, IMF, LOAN, ECONOMY, PM, IMRAN KHAN, PTI, AGREEMENT, FIRST REVIEW