ہوم   >  پاکستان

چوہدری شوگرمل:عدالت نے25اکتوبرکونوازشریف کوطلب کرلیا

3 weeks ago

ریفرنس کی تیاری آخری مراحل میں

احتساب عدالت لاہور نے چوہدری شوگر مل کیس میں مریم نواز شریف اور یوسف عباس کے ریمانڈ میں 25 اکتوبر تک توسیع کردی۔

بدھ کے روز لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر مل کیس کی سماعت ہوئی۔ ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر یوسف عباس اور مریم نواز شریف کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

 

کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تو احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے قومی احتساب بیورو کے حکام سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنس کب دائر کیا جائے گا؟، جس پر نیب کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

 

نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ریفرنس کو نیب چیئرمین کی منظوری کے بعد دائر کر دیا جائے گا۔

 

عدالت نے کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے برطرف وزیراعظم نواز شریف کو بھی اگلی سماعت پر طلب کرلیا، جب کہ مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 25 اکتوبر تک توسیع دیدی۔

 

واضح رہے کہ رواں سال 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگر مل میں منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کو تفتیش کے لئے بلایا تھا لیکن وہ نیب دفتر میں پیش ہونے کے بجائے والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں تھیں۔ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہونے پر نیب ٹیم نے انہیں اور یوسف عباس کو گرفتار کرلیا تھا۔

 

نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ مریم نواز، نوازشریف اور شریک ملزموں نے 2000 ملین کی منی لانڈرنگ کی، ملزمان کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں