ہوم   >  پاکستان

کوئٹہ میں دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی

1 month ago

اسپینی روڈ کوئٹہ : فائل فوٹو

کوئٹہ کے علاقے اسپینی روڈ پر بم دھماکے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خاتون، بچہ اور بچی بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق خروٹ آباد تھانے کی حدود میں اسپینی روڈ پر پولیس وین معمول کے گشت پر تھی کہ فیصل کراس کے قریب زوردار دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سب انسپکٹر نثار احمد، کانسٹیبل خان محمد اور کانسٹیبل ارسلان، حاجی اکبر، بلال احمد، فرید احمد، 7 سالہ اسد اللہ، 4 سالہ فریحان اور خاتون مریم ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا، 5 کلو گرام بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز پر بم حملوں کا یہ تیسرا واقعہ ہے، اس سے قبل 15 اکتوبر کو ڈبل روڈ پر دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔

میزان چوک لیاقت بازار کے علاقے میں 30 جولائی کو خوفناک بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سٹی پولیس اسٹیشن شفاعت علی سمیت 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے، اس حملے کا نشانہ بھی پولیس اہلکار کی گاڑی تھی۔

کوئٹہ میں 5 ستمبر کو بھی یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں میں ایک ریسکیو اہلکار جاں بحق اور 11 دیگر افراد زخمی ہوئے، جن میں 4 پولیس اہلکار شامل تھے، خیزی چوک پر آدھے گھنٹے میں دو دھماکے ہوئے تھے، پہلا سلنڈر دھماکا تھا جس کی کوریج اور امدادی کاموں کیلئے میڈیا کے نمائندے اور رضا کار پہنچے تو دوسرا دھماکا ہوگیا۔

وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا رد عمل قرار دیا ہے۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں
 
 
 
 
 
 
 
QUETTA, BALOCHISTAN, BLAST, POLICE, TERRORISM, SEPARATIST