ہوم   >  پاکستان

وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری

7 days ago

وزیراعظم عمران خان کے دو روزہ دورہ چین کے اختتام پر پاکستان اور چین نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پائیدار اسٹرٹیجک اشتراک عمل کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس کا مقصد نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی تعمیر کرنا ہے۔

فریقین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات ‘ گہری دوستی اور اسٹرٹیجک شراکت داری دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے اور ہم خطے کے امن واستحکام اور ترقی میں کردارادا کررہے ہیں۔ دونوں ممالک نے اہم مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چین کے رہنمائوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت آزادی اور سیکورٹی کے تحفظ کیلئے اپنی یکجہتی کا اعادہ کیا۔

پاکستان نے ایک چائنا پالیسی کے عزم کا اعادہ اور چین میں دو نظام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور تمام ممالک کو بین الاقوامی قانون اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے بنیادی اصول کی پیروی کرنی چاہیے۔

پاکستانی وفد نے چینی وفد کو جموں وکشمیر کی صورتحال پر اپنے تحفظات اور موجودہ فوری مسائل پربریفنگ دی۔ چینی وفد نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیر تاریخ کا چھوڑا ہوا تنازع ہے اوراس کو اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کی بنیاد پر پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ چین نے صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کی۔

پاکستانی وفد نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک انقلابی منصوبہ ہے۔ فریقین نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں صنعتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔ پاکستان نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کو مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس سے وہ خطے کیلئے تجارت اور نقل وحمل کا مرکز بن جائے گا۔

فریقین نے سی پیک کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ترقی میں اس کے کردار سے مکمل طورپر استفادہ کیا جاسکے۔ فریقین نے کہا کہ مشترکہ تعاون کمیٹی کے آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس سے جاری منصوبوں پر عملدرآمد میں مزید تیزی آئے گی اور ایم ایل ون سمیت تعاون کے نئے در کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارمیں تعاون سے پاکستان کے صنعتی شعبے کو وسعت ملے گی اور برآمدات میں تنوع پیدا ہوگا۔

فریقین نے توانائی، پیٹرولیم، گیس، زراعت، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں پاکستان کی طرف سے تجویز کیے گئے منصوبوں کا مشترکہ طورپر جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی روابط مضبوط تر ہورہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی طلباء کو چین میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ طلبا ء دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردارادا کریں گے۔

فریقین نے اتفاق کیا کہ چین پاکستان آزادانہ تجارت معاہدے کے دوسرے مرحلے پر جلد عملدرآمد سے دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ فریقین نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون میں متوازن اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے چین پاکستان مشترکہ اقتصادی اور تجارتی کمیشن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام علاقائی سلامتی کیلئے اہم ہے اور اس تنازع کا واحل حل سیاسی اور مذاکرات کا راستہ ہے۔ چین نے افغانستان میں امن اور مصالحتی عمل کو فروغ دینے میں پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ افغانوں کی زیر قیادت اور افغانوں پر مشتمل امن عمل ملک میں امن اور استحکام لانے میں اہم ہوگا۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں