ہوم   >  پاکستان

پاک بھارت جنگ نہ ہونے کادعویٰ نہیں کرسکتا، شاہ محمودقریشی

4 weeks ago

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ نہ ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتا، مودی نے الیکشن جیتنے کیلئے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا،  جھوٹے فلیگ آپریشن کا خدشہ تھا اور ہے۔

نمائندہ سماء سے نیویارک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کا دورۂ سعودی عرب بہت مفید رہا، سعودی حکومت کیساتھ اظہار یکجہتی کا ایک اچھا موقع مل گیا، سعودی تیل تنصیبات پر حملے پر تشویش تھی اور ہے، ایک حملے سے تیل مہنگا ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ نہ ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتا، بھارتی حکومت اپنی سیاست کیلئے کچھ بھی کرسکتی ہے، نریندر مودی نے الیکشن جیتنے کیلئے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا، جھوٹے فلیگ آپریشن کا خدشہ تھا اور ہے، بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی نہ کوئی ڈرامہ کرنا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا مودی پر تنقید کررہی ہے، وہ چاہیں گے کہ بیانیہ تبدیل ہو، نریندر مودی کی حماقت سے پہلی بار مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، بھارت مانے یا نا مانے آج مسئلہ کشمیر عالمی خبر بن چکا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہیں۔

عمران خان 23 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے جبکہ 24 ستمبر کو عمران خان امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دئيے جانے والے عشائيے ميں شرکت کريں گے۔

وزیراعظم 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر جائیں گے اور 27 ستمبر کو وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسی روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب بھی شیڈول ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ چاہیں بھی تو عمران خان ذہنی طور پر مودی سے ملاقات کیلئے تیار نہیں ہوں گے، میں یقینی طور پر بھارتی ہم منصب سے نہیں ملنا چاہوں گا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں