ہوم   >  پاکستان

رمضان شوگر مل کیس،مریم نواز کے ریمانڈ میں توسیع

1 month ago

احتساب عدالت نے چوہدری شوگر مل کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کردی۔

کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے کی۔ اس موقع پر تفتیشی افسر کا عدالت کے روبرو کہنا تھا کہ چوہدری شوگر مل لگوانے کے لیے شریف فیملی نے مختلف جگہوں سے قرضہ لیا، ای ایف ایف انٹر پرائز نام کی کمپنی سے 3 کروڑ روپے اور پنجاب کار پیٹس نامی کمپنی سے 1 کروڑروپےکے قر‏‏ضے لئے گئے، ان تمام کمپنیوں سے قرضوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ مریم نواز سے تفتیش کے دوران تمام سرمایہ کاری سے متعلق پوچھا گیا، مریم نواز اور یوسف عباس نے جواب نہیں دیا، ہم نے اسٹیٹ بینک سے تمام ریکارڈ منگوا لیا ہے۔

سماعت کے دوران نیب کی جانب سے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کے اضافے کی استدعا کی گئی تھی۔

دوران سماعت مریم نواز کی جانب سے نیب کی تفتیشی رپورٹ کو مسترد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی تفتیشی ٹیم نے کرپشن سے متعلق اب تک ایک سوال بھی نہیں کیا، 42 دنوں کے دوران مجھے سے کوئی سوال نہیں کیا بلکہ ملکی سیاست کے حوالے سے  سوالات کئے جاتے  رہے، مجھ سے سوال کیا گیا کہ میرے داد نے پراپرٹی کا حصہ کیوں دیا، باپ دادا کی جائیداد سے حصہ اولاد کو ہی ملتا ہے ہمسایوں کو تو نہیں دیا جاتا۔

عدالت نے نیب کی استدعا پر مریم نواز اور یوسف عباس کے ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں