ہوم   >  پاکستان

مریم نواز کوپارٹی عہدہ رکھنے کی اجازت، فیصلہ چیلنج کرنیکااعلان

1 month ago

پی ٹی آئی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو پارٹی عہدہ رکھنے کی اجازت سے متعلق الیکشن کمیشن پاکستان کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ای سی پی کا اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی مجرم شخص کسی عہدے پر فائز نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کیخلاف پٹیشن کو مسترد کیا ہے، حکومت نے اس فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایک نان فنکشنل عہدہ ہے، جیسا ن لیگ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بتایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری رائے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت کوئی بھی مجرم شخص کسی عہدے پر فائز نہیں ہوسکتا، اس فیصلے سے دو چیزیں سامنے آئی ہیں، ایک یہ کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور دوسرا وہ جنرل سیکریٹری یا کسی اور عہدے پر فائز نہیں ہوسکتیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیل جلد سامنے آجائے گی۔

مزید جانیے : مریم نواز کو پارٹی عہدہ رکھنے کی اجازت مل گئی

وزیراعظم کے دورہ امریکا سے متعلق فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے سفیر بن کر امریکا جارہے ہیں، جہاں وہ مختلف شخصیات سے ملاقاتیں اور جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔

مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ وزیراعظم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، ذمہ دار میڈیا کا کردار ریاست کیلئے لازم و ملزوم ہے، میڈیا کے احتسابی عمل کا آغاز کیا جارہا ہے، جس کیلئے کابینہ نے خصوصی میڈیا ٹربیونل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میڈیا ٹربیونل میں آنے والے معاملات کا فیصلہ 90 دن میں کیا جائے گا، خصوصی ٹربیونل کی سرپرستی اعلیٰ عدلیہ کرے گی، میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون مان لیا گیا ہے اور میڈیا ٹربیونلز کا مقصد میڈیا سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے، پیمرا میں زیر التواء تمام مقدمات میڈیا ٹربیونلز کو بھیجے جائیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے ملک بھر میں خواجہ سراؤں کیلئے صحت کارڈز کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کے 5 ہزار افراد موجود ہیں اور نادرا کی مدد سے ان کے کوائف مرتب کئے جارہے ہیں۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں