ہوم   >  پاکستان

مریم نواز کو پارٹی عہدہ رکھنے کی اجازت مل گئی

1 month ago

الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا




الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عہدہ رکھنے کی اجازت دے دی



الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے 16 ستمبر کو محفوظ کرلیا تھا جو  فیصلہ منگل 17 ستمبر کو سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف عہدہ رکھنے کی مجاز ہیں، تاہم نائب صدارت کا عہدہ غیر فعال ہونے کی وجہ سے رکھا جاسکتا ہے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ مریم نواز کی سزا برقرار رہنے تک وہ پارٹی صدر یا پارٹی کی قائم مقام صدر نہیں بن سکتیں۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفت گو میں مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 2 ارکان اسمبلی نےعہدہ چیلنج کیا تھا، پارٹی نے اپنے دستور کے مطابق مریم نواز کو منتخب کیا تھا، مریم نواز پارٹی آئین کے تحت نائب صدر رہیں گی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کی پٹیشن خارج کر دی، سزا یافتہ شخص پر پارٹی عہدہ کی پابندی آمرانہ دور میں لگائی گئی، ذوالفقار بھٹو کے دور میں اس پابندی کو ختم کر دیا گیا تھا۔



پس منظر


واضح رہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چار اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے گزشتہ سال مریم نواز کی بطور نائب صدر ن لیگ مقرر ہونے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کے کیس میں سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 اور 63 کا استعمال کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں عہدہ رکھنے سے نا اہل قرار دیا اور یہی چیز مریم نواز کے لیے بھی استعمال کی جانی چاہیے۔


پی ٹی آئی کی درخواست پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے الیکشن کمیشن سے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں سزا یافتہ شخص پر پارٹی کے نائب صدر ہونے کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں۔



ن لیگ کا اعلامیہ


یاد رہے کہ 3 مئی کو صدر ن لیگ شہباز شریف نے لندن سے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق نائب صدور کی 16 رکنی فہرست میں مریم نواز کے علاوہ حمزہ شہباز اور خواجہ سعد رفیق کے نام بھی شامل تھے، جب کہ اسحاق ڈار انٹرنیشنل افیئرز کے صدر اور نزہت صادق خواتین ونگ کی صدر مقرر کی گئی تھیں۔


اعلامیے کے مطابق احسن اقبال مرکزی سیکریٹری جنرل، شاہد خاقان عباسی سینیر نائب صدر، مریم اورنگزیب سیکریٹری اطلاعات اور پرویز ملک سیکریٹری فنانس مقرر کیے گئے تھے۔



ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کو سزا


جولائی 2018 میں احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو والد کے اثاثے چھپانے کی سازش میں مرکزی کردار ادا کرنے اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرانے پر 7 سال اور نیب کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر ایک سال قید سنائی تھی۔ سزا کے بعد وہ انتخابات میں شرکت سے نااہل ہوگئی تھیں۔ تاہم جنوری میں عدالت عظمیٰ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے مریم نواز اور ان کے والد کو سنائی گئی قید کی سزا معطل کردی تھی۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں