ہوم   >  پاکستان

ڈاکٹربننے کی خواہش پرشوہرکے ہاتھوں بیوی قتل

1 month ago

سوات میں ایک شخص نے نوبیاہتا بیوی کو مزید تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر بننے کی خواہش پر قتل کردیا۔

تحصیل کبل کی رہائشی ثناء گل کی شادی 2 ماہ قبل فرانس میں مقیم اپنے خالہ زاد سے ہوئی تھی۔ ملزم انیس ثناء کے سر پر گولی مارنے کے بعد فرانس فرار ہوگیا۔

ملزم انیس فرانسیسی شہریت رکھتا ہے جو اپنی خالہ زاد سے شادی کیلئے پاکستان آیا تھا۔ دونوں کی شادی 26 جون کو ہوئی۔ شادی سے قبل طے پایا تھا کہ انیس کی فرانس واپسی کے بعد ثناء اپنی تعلیم جاری رکھے گی مگرشادی کے بعد اس معاملے پرلڑائی جھگڑے شروع ہوگئے۔

دونوں اپنے ماموں کی جانب سے دیے جانے والے گھرمیں رہائش پزیر تھے جہاں انیس کے دادا دادی بھی ساتھ ہی رہتے تھے۔ 13 اور 14 ستمبر کی درمیانی شب ایک بجے انیس لڑائی کے بعد ثناء کو سرمیں گولی مار کر فرار ہوگیا۔ دادا اوردادی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی قسم کی کوئی آواز نہیں سنی تھی۔

انیس نے فرانس جانے کیلئے طیارے پر سوار ہونے کے بعد اپنے ماموں کو کال کرکے اس واقعے کا بتایا جس کے بعد ماموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ثناء کے والدین اور پولیس کو اطلاع دی۔

انیس کے ساتھ آنے والی اس کی والدہ عید کے موقع پر فرانس واپس چلی گئی تھیں جبکہ ملزم نے اہلخانہ کو بتا یا تھا کہ وہ ہفتہ 14 ستمبر کو واپس جا ئے گا۔

میٹرک اورفرسٹ ائرمیں اعلیٰ پوزيشن لینےوالی ثناء کے والد حضرت حسین کا کہنا ہے کہ ميری بيٹی ڈاکٹربننا چاہتی تھی، اس کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔

ایس پی انوسٹیگیشن محمد اعجاز کا کہنا ہے کہ ہم انٹرپول سے رابطہ کرکے مقتولہ کے خاندان کو انصاف دلائیں گے۔ پولیس اس حوالے سے فرانسیسی سفارت خانے سے بھی رابطہ کرے گی۔

قتل کی ایف آئی آر ثناء کے والد حضرت حسین کی مدعیت میں سوات کے کانجو تھانے میں درج کرلی گئی ہے۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں