ہوم   >  پاکستان

کراچی والوں کیلئے 4 نئی ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کرنیکا فیصلہ

1 month ago

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر قائد کیلئے 4 نئی رہائشی اسکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ڈاکٹر بابر جمیل میندھرو نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ سیکریٹری پہلے ہی نئی اسکیموں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ رہائشی اسکیمیں کم آمدنی والے افراد کیلئے سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا بلاک 1، کورنگی اور کے ڈی اے اسکیم 1 (عقب لال قلعہ شاہراہ فیصل) پر شروع کی جائیں گی جبکہ اسکیموں سے متعلق اخبارات میں اشتہارات شائع کئے جائیں گے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رہائشی اسکیموں فلیٹس اور پلاٹس پر مشتمل ہوں گی، جس میں 80، 120، 200 اور 240 گز کے پلاٹس شامل ہیں۔

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 20 سال کے دوران شروع کی جارہی یہ پہلی رہائشی اسکیم ہوگی، اس سے قبل 1999ء میں نارتھ ناظم آباد، فائیو اسٹار چورنگی پر آخری بار ہاؤسنگ اسکیم متعارف کرائی گئی تھی۔

ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ نیب اور محکمہ انسداد بدعنوانی کے افسران سمیت 13 ممبران پر مشتمل آکشن کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ انسداد تجاوزات مہم کے دوران قابضین سے خالی کرائی گئیں رفاہی زمینوں کی شفاف طریقے سے نیلامی کرائی جاسکے۔ نیلامی کا انعقاد رواں ماہ کیا جائے گا، ان رفاہی پلاٹوں کی حیثیت نیلامی کے بعد تبدیل نہیں ہوگی، یہ پلاٹس صرف فلاحی اداروں کو دیئے جائیں گے تاکہ انہیں مستقبل میں بھی فلاحی مقاصد کیلئے ہی استعمال کیا جائے۔

انسداد تجاوزات کیلئے بھی ایک 15 رکنی ٹاسک فورس قائم کی جائے گی، جس میں رینجرز، پولیس اور کے ڈی اے افسران شامل ہوں گے جو شہر میں قبضہ کی گئی مزید زمینیں خالی کرائیں گے۔

ڈاکٹر بابر جمیل میندھرو نے مزید کہا کہ یہ ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ الاٹیز کی زمینیں بازیافت کرائیں، متاثرین اپنی شکایات کے اندراج کیلئے براہ راست کے ڈی اے ڈائریکٹر جنرل آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں