ہوم   >  پاکستان

کراچی کے مسئلے فوری حل کے طلب گار ہیں،وسیم اختر

1 month ago

قائداعظم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہئے




میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کو خصوصی فنڈز فراہم کریں۔


 بدھ کو قائد اعظم کی 71 ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر شخص مشورے دیتا ہے لیکن فنڈز کوئی نہیں دیتا لہذا عمران خان کراچی آئیں اور شہر کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں۔


  وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے 3 کروڑ شہری مشکل میں ہیں،6 ماہ سے کوشش کررہے ہیں کہ وفاق آگے بڑھے اور کراچی کے مسئلے کو حل کرے۔


انھوں نے شکوہ کیا کہ کراچی کو میٹنگ اور کمیٹیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، کسی جانب سے سنجیدگی نظر نہیں آرہی، کراچی کے مسئلے فوری حل کے طلب گار ہیں، اس شہر کو خصوصی فنڈز چاہئے چاہے کسی کے بھی ہاتھ سے خرچ ہوں۔


انھوں نے مزید کہا کہ شہر میں بیماریاں پھیل رہی ہیں، وفاقی حکومت کس بات کا انتظار کر رہی ہے، وفاقی حکومت سمجھ لے کہ کراچی کو آج گرانٹ ملے گی تو نتیجہ ایک سال بعد ملے گا، کراچی ٹیکس دیتا ہے اس لئے اُسے حق دیا جائے۔


انھوں نے کہا کہ ہم کام کرنے کیلئے تیار ہیں مگر ہمیں وسائل نہیں دئیے جارہے، اگر کسی کی یہ سوچ ہے کہ نئے بلدیاتی انتخابات کے بعد فنڈز دئیے جائیں تو یہ کراچی سے دشمنی ہوگی۔


وسیم اختر نے بابائے قوم کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان بنا کر قوم پر احسانِ عظیم کیا ہے،ہمیں قائداعظم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہئے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں