ہوم   >  پاکستان

اٹھارویں ترمیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی،گورنرسندھ

2 weeks ago

کراچی کے نئے پروجیکٹ سے متعلق کمیٹی الگ ہے




بانی پاکستان کی 71 ویں برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزيراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اور چيف سيکريٹری سندھ بھی موجود تھے۔


مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم ساتھ بھی اچھے لگتے ہيں،الگ الگ بھی اچھے لگتے ہيں،گورنر صاحب صرف وفاق کے نمائندے نہيں ہيں،جب سندھ آجاتے ہيں تو سندھ کے نمائندے بن جاتے ہيں۔


مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ آج عہد کرتے ہیں کہ قائداعظم کے ویژن پر عمل کرنا ہے،جہاں ہرعقیدے اور مذہب کے لوگ امن وامان سے رہ سکیں۔ کشمیر سے متعلق انھوں نے کہا کہ کشمیر میں جارحیت اور بربریت کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر پوری قوم یکجا ہے،جب تک کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہ بنالیں،سکون سے نہیں سوئیں گے۔


اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں بہت سی اتھارٹیز کام کررہی ہیں، دیکھنا ہے کہ ان کو کس طرح ایک اتھارٹی بناسکتے ہیں،کراچی کے نئے پروجیکٹ سے متعلق کمیٹی الگ ہےاور وہ صرف سفارشات مرتب کرے گی،فروغ نسیم کی سربراہی میں قائم کمیٹی  قانونی نکات کا جائزہ لے گی، فروغ نسیم کی کمیٹی 10 سے 12 روز میں سفارشات دے کر ختم ہوجائے گی۔


گورنر سندھ نے واضح کیا کہ 18ویں ترمیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی، نالوں کی صفائی کے ایم سی ، شہر کی صفائی ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہے، سندھ سالڈ ویسٹ ہم نے بنایا ہے،جہاں وہ کام کررہا ہے صورتحال بہتر ہے،جب سالڈ ویسٹ اتھارٹی بنی تھی تو اس کو4 ہزار ٹن کچرا اٹھانے کے لئے بنایا گیا تھا،اب 16 ہزار ٹن کچرا روزانہ پیدا ہوتا ہے۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں