ہوم   >  پاکستان

فلم، ٹی وی کے معروف اداکار عابد علی انتقال کرگئے

2 weeks ago

پاکستان کے معروف ٹی وی اور فلم اداکار عابد علی طویل علالت کے بعد کراچی میں چل بسے، اہلیہ نے انتقال کی تصدیق کردی۔

جگر کے عارضے میں مبتلا عابد علی گزشتہ 2 ماہ سے علیل تھے، طبیعت بگڑنے پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ان کی بیٹیوں ایمان علی اور راحمہ علی نے سوشل میڈیا پر ان کی علالت کی اطلاع دیتے ہوئے مداحوں سے دعا کی اپیل کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق عابد علی کی نماز جنازہ بحریہ ٹاؤن کراچی کی مسجد عاشق میں بعد نمازِ عصر ادا کی جائے گی۔

سترہ مارچ 1952 کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے 67 سالہ عابد علی کو اصل شہرت پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف ترین ڈرامے “وارث” سے حاصل ہوئی تھی جس کے مصنف امجد اسلام امجد ہیں۔

انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں سمیت کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، عابد علی متعدد ڈراموں کے ہدایتکار بھی رہ چکے ہیں،  ڈرامہ سیریل مورت ( 2004) ، سہیلی (2007 )، جنگل کا قانون ( 1995 )، دشت، دوسرا آسمان اور مہندی ان کے کیرئیر کے بہترین ڈرامے ہیں ۔

عابد علی کی آخری فلم “ہیر مان جا ” حال ہی میں ریلیز ہوئی جس میں اداکارہ حریم فاروق اورعلی رحمان خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

بہترین اداکاری پر عابد علی کو 1985ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، انہوں نے مشہور نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

عابد علی نے دو شادیاں کیں۔ ان کی پہلی شادی اداکارہ حمیرا چوہدری سے ہوئی جبکہ دوسری اہلیہ کا انتخاب بھی انہوں نے اپنے شعبے سے ہی کیا۔ رابعہ نورین سے ان کی دوسری شادی سال 2004ء میں ہوئی۔

عابد علی اور حمیرا کی تین صاحبزادیاں ہیں، ان کی دوسری بیٹی ایمان علی معروف ماڈل ہونے کے علاوہ فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں، جن کی اصل وجہ شہرت ڈائریکٹر شعیب منصورکی فلم “بول ” بنی۔

عابد علی کی چھوٹی صاحبزادی راحمہ علی کو گلوکاری کا شوق ہے۔ انہوں نے کوک اسٹوڈیو سیزن 7 میں جمی خان کے ساتھ  ’’ندیا پار پار کرکے‘‘ گانے سے اپنی پہچان بنائی۔

عابد علی نے سال 2018ء میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں