ہوم   >  پاکستان

حکومت کا کفایت شعاری کیلئے نئے اقدامات کا اعلان

4 weeks ago

مالی مشکلات کے پیش نظر پی ٹی آئی حکومت نے نئے کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کردیا، ترقیاتی مقاصد سمیت سرکاری اداروں میں ہر قسم کی نئی گاڑیاں خریدنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، نئی آسامیاں بھی پیدا نہیں کی جائیں گی۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اداروں میں ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی گئی، ترقیاتی مقاصد کیلئے بھی نئی گاڑیاں نہیں خریدی جا سکیں گی تاہم سرکاری دفاتر میں موٹر سائیکل کی خریداری پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں میں نئی آسامیاں پیدا کرنے کی بھی ممانعت ہوگی تاہم صرف ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجاز اتھارٹی کی اجازت سے ہی کوئی نئی بھرتی کی جاسکے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازمین کو بجلی، گیس اور ٹیلی فون کی سہولیات حسب ضرورت استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سرکاری افسران کو صرف ایک اخبار یا میگزین لگوانے تک محدود کردیا گیا جبکہ سرکاری خط و کتابت میں کاغذ دونوں طرف استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے ایوان صدر، وزیراعظم سیکریٹریٹ، سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سمیت 25 بڑے سرکاری اداروں اور محکموں کو اخراجات میں کمی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کے نئے کفایت شعاری پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں