ہوم   >  پاکستان

چیف الیکشن کمشنر کا دو اراکین سے حلف لینے سے انکار

4 weeks ago

چیف الیکشن کمشنر نے ای سی پی کے دو نئے ارکان سے حلف لینے سے معذرت کرلی۔ سردار محمد رضا خان کہتے ہیں الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کا تقرر آئین کیخلاف کیا گیا۔

حکومت کی جانب سے بلوچستان سے منیر احمد کاکڑ اور سندھ سے خالد محمود صدیقی کو الیکشن کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا تھا، صدر مملکت نے دونوں نئے ارکان کی تقرری کی منظوری دی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے سندھ اور بلوچستان کے نئے ارکان ای سی پی سے حلف نہ لینے کے فیصلے سے وزارت پارلیمانی امور کو آگاہ کردیا ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے بھی الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تقرری کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور آئین پر حملہ اندر سے کیا گیا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن بھی الیکشن کمیشن کے دونوں اراکین کے تقرر کی مخالفت کرچکی ہے، مریم اورنگزیب نے سندھ اور بلوچستان کے ارکان کے تقرر کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے ای سی پی کے اراکین کے تقرر کو نظر انداز کیا، حکومتی اقدام پارلیمنٹ کو بائی پاس کرنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان کے عہدے کی میعاد بھی دسمبر میں ختم ہورہی ہے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں