ہوم   >  پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی رابطے مکمل بند ہیں،وزیراعظم

4 weeks ago

عمران خان نے ٹیلی فونک گفت گو میں جرمن چانسلر اینجلا مرکل کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کے روز جرمن چانسلر اینجلا مرکل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اقدامات سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات ہیں۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر غیر قانونی کارروائی کرکے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

بھارت کی جانب سے جعلی آپریشنز کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہر قیمت پر قتل عام سے روکنا ہوگا، بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا ہے۔

انہوں نے جرمن چانسلر اینجلا مرکل کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ مودی سرکار نے مواصلات کے تمام ذرائع بند کر رکھے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن اور بلیک آؤٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے ظالمانہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کے وعدوں کے منافی ہیں۔ دنیا بھارت کو روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔

وزیراعظم اور جرمن چانسلر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اینجلا مرکل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ دو طرفہ مسائل پرامن طریقے سے حل کیے جائیں۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں