ہوم   >  پاکستان

لڑکیوں کے اغواء اور فروخت میں ملوث خاتون گرفتار

1 month ago

رحیم یار خان پوليس نے لڑکیوں کی فروخت اور زبردستی جسم فروشی کرانے والے گروہ کی خاتون ملزمہ کو گرفتار کرليا۔ کارروائی ميں ایک لڑکی کو بھی بازیاب کرایا۔

گرفتار خاتون ملزمہ تانيہ کا گروہ لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنسا کر آئس کے نشے کا عادی بنانے، جسم فروشی کرانے اور فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔

ڈی ایس پی عباس اختر کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے آئس کے نشے میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کرلیا ہے اور اس گروہ کے چنگل سے ايک لڑکی کو بھی بازیاب کرا لیا گیا ہے جس کو سندھ کے علاقے میں فروخت کیا گیا تھا۔

گروہ کے چنگل سے آزاد ہونے والی لڑکی کا کہنا ہے کہ مجھے اغوا کرنے کے بعد ایک مکان میں رکھا گیا جہاں پر اور بھی متعدد لڑکیاں تھیں جن کی زندگیاں برباد کی جا رہی ہیں۔ مجھے سندھ کے علاقے میں فروخت کر دیا گیا، یقین نہیں آتا زندہ واپس آگئی۔

اس گروہ نے سوات کی ایک لڑکی کو بھی اغوا کرکے فروخت کیا تھا جس کی تلاش میں اس کے ورثاء رحیم یار خان پہنچے تھے۔

ایک اور لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ہماری بچی کو ورغلا کر اغوا کیا گیا ہے جو تاحال اسی گروہ کے قبضے میں ہے۔ ہماری ضلعی پولیس افسران سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ ہماری بیٹی کو بازیاب کروایا جائے۔

پولیس نے گروپ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔ جلد دیگر مغوی لڑکیوں کو بھی بازیاب کرالیا جائے گا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں