ہوم   >  پاکستان

کمر میں درد، شہباز شریف نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

4 weeks ago

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو کمر اور ٹانگوں میں تکلیف کے باعث ڈاکٹروں نے مزید 10 روز کے لیے مکمل آرام کی ہدایت کردی۔ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔

بدھ کے روز لاہور کی احتساب عدالت ميں آشیانہ ہاؤسنگ کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جج نعیم ارشد نے کی۔ سماعت کے آغاز میں شہباز شريف کي ميڈيکل رپورٹ عدالت ميں جمع کرائی گئي۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق کمر اور ٹانگوں میں درد کی وجہ سے شہباز شریف عدالت میں پيش نہيں ہوسکيں گے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش پر ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں کمر اور ٹانگوں میں تکلیف کے باعث مزید 10 دن کے لئے مکمل آرام کی ہدایت کی۔

شہباز شریف کی طبی صورت حال کے پیش نظر دو ہفتوں بعد ڈاکٹرز دوبارہ ان کا طبی معائنہ کریں گے، شہباز شریف کو یوم آزادی پر تقریب کے دوران دھکم پیل میں کمر پر چوٹ لگی تھی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کمر میں تکلیف کے باعث اپوزیشن کی اے پی سی میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔ دوسری جانب رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 اگست تک توسیع کی تھی اور شہبازشریف کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 11 جنوری 2018 کو رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، بعد ازاں چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل نالہ بنوایا، شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوامی مفاد کا نام لیا۔

قومی احتساب بیورو کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں