ہوم   >  پاکستان

ایل او سی پر جھڑپ، 3 پاکستانی فوجی شہید، 5 بھارتی فوجی ہلاک

1 month ago

لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، کئی بنکرز بھی تباہ کردیئے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا۔

ترجمان پاک فوج نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 جوان نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شہید ہوگئے، دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : میڈیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جھوٹ بول رہا ہے، بھارتی سماجی کارکن

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے  کئی چوکیاں اور بنکرز تباہ کردیئے، جس میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید نائیک تنویر اور سپاہی رمضان کا تعلق خانیوال سے ہے، تنویر شہید 14 سال سے پاک فوج میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، وہ ایک بیٹے اور 2 بیٹیوں کے باپ تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید لانس نائیک تیمور کا تعلق لاہور سے ہے، وہ ایک بیٹی کے باپ تھے۔

مزید جانیے : بھارت کا یومِ آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے

پاکستان نے یوم آزادی 14 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی جبکہ 15 اگست کو بھارت کا یوم آزاد یوم سیاہ کے طور پر منایا، جس میں ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مودی سرکار کیخلاف بھرپور نعرے لگائے۔

وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ نے پاکستان کی درخواست پر کل (16 اگست) کو اجلاس طلب کرلیا ہے۔

 

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں