لاہور، شاپنگ مال میں سیلز گرل پر تشدد کرنے والی خاتون گرفتار

August 13, 2019

لاہور پولیس نے نجی شاپنگ مال میں سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بنانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈٰیو وائرل ہورہی تھی جس میں ایک خاتون کو دیکھا جاسکتا ہے جو ایک لڑکی کو بالوں سے پکڑ کر فرش پر گھسیٹ رہی ہے جبکہ ارد گرد لوگوں کا ہجوم لگا ہوا ہے مگر کوئی اس لڑکی کی مدد کو نہیں آرہا۔

شاپنگ مال کے عملہ نے سیلز گرل کو چھڑانے کی کوشش کی مگر خاتون نے اسے بالوں سے سختی سے پکڑا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کرنے والی خاتون کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

لاہور پولیس نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات شروع کی اور عید کے دوسرے روز خاتون کا سراغ لگاکر اسے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی آپریشنز لاہور کے مطابق خاتون نے شاپنگ مال کے اندر میک اپ شاپ پر سیلز گرل سے آئینہ مانگا تھا، سیلز گرل نے انہیں بتایا کہ آئینہ موجود نہیں ہے جس پر خاتون نے طیش میں آکر اسے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے باہر لے آئی اور وہاں اس پر تشدد کیا۔

تشدد کرنے والی خاتون کی شناخت صدف کے نام سے ہوئی ہے اور پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی ار کے مطابق سیلز گرل کو جب تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا تو اس نے بچاو بچاو کہہ کر چیخنا شروع کیا۔ کچھ لوگ اس کو بچانے کے لیے آگے بڑھے لیکن خاتون نے ان پر بھی حملہ کیا۔