بلاول بھٹو کا کراچی میں بارش کے بعد صورتحال کو خراب ماننے سے انکار

August 13, 2019

پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ جتنی تیزی سے اس بار بارش کے پانی کی نکاسی کا کام ہوا ہے، تاریخ میں کبھی ایسی غیر معمولی بارش نہیں ہوئی، بارش ہوتی ہے تو پانی تو آئے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جب ایک صحافی نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ کراچی میں بارش کے بعد صورتحال خراب ہوئی تو انھوں نے جواب دیا کہ کراچی کی صورتحال خراب نہیں، پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ساتھ کراچی چلیں تو آپ کودکھاتا ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کو چھوڑیں اور میرے ساتھ  کراچی چلیں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران میرے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اپنی عید اور سالگرہ چھوڑ کر سڑکوں پر تھے۔

چئیرمین پیپلزپارٹی نے کراچی کی سڑکیں ڈوبنے کی عجب منطق دی اور کہا کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، تیز بارش میں زیادہ پانی آجاتا ہے۔