آج کا دن قبائلی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، محمود خان

July 20, 2019

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے قبائلی اضلاع میں ’پرامن انتخابات‘ کے انعقاد پر تمام اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن قبائل کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات ایک تاریخی کارنامہ اور قبائلی علاقہ جات کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ویژن اور کوششوں کی کڑی ہے جو قبائلی عوام کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں خطیر وسائل مختص کئے۔ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے این ایف سی ایوارڈ میں سے 11 ارب روپے قبائلی علاقہ جات کو دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والا وقت قبائلی عوام کے لئے خوش آئند ہو گا۔ بتدریج بہتری کیطرف جائیں گے اور یہ علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔