مہنگائی کا اثر پڑنا شروع، یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی اشیائے ضروریہ مہنگی

July 19, 2019

یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، سینکڑوں اشیاء پر ایک سے 200 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ کوکنگ آئل، گھی، دودھ، شیمپو اور مصالحہ جات بھی مہنگے ہوگئے، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

عوام کیلئے سستے سمجھے جانیوالے یوٹیلٹی اسٹورز بھی اب سستے نہیں رہے کیونکہ روز مرہ استعمال کی سینکٹروں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

یوٹیلٹی کارپوریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اشیاء ایک روپے سے 200 روپے تک مہنگی ہوگئیں، ان میں گھی، کوکنگ آئل، بچوں کیلئے خشک دودھ،  شیمپو، منرل واٹر، کیچ اپ، کسٹرڈ، نمک، ٹی وائٹنرز، مصالحہ جات بھی شامل ہیں۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر اب بچوں کیلئے خشک دودھ 40 روپے اضافے کے ساتھ 425 روپے کا ملے گا جبکہ وائٹنر کی قیمتوں میں 25 روپے اور 5 لیٹر کوکنگ آئل کا ڈبہ بھی 25 روپے مہنگا کردیا گیا، جس سے اس کی قیمت بڑھ کر 935 روپے ہوگئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 3 لیٹر ڈالڈا کوکنگ آئل 10 روپے مہنگا ہونے کے بعد 655 روپے کا ہوگیا جبکہ گھی پر بھی دس روپے بڑھادیئے گئے۔ مصالحہ جات 14 روپے جبکہ شیمپو کی قیمتوں میں 55 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ منرل واٹر کی قیمت میں بھی 10 روپے اضافہ ہوگیا، کسٹرڈ، نوڈلز اور کیچ اپ کی قیمتوں میں 4 سے 8 روپے تک اضافہ ہوگیا، نمک ایک روپے جبکہ گارلک ساس 7 روپے تک مہنگے ہوگئے۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر نیسلے کی بعض مصنوعات 200 روپے تک مہنگی کردی گئیں۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔