وزیراعظم کا ایک روزہ دورہ لاہور، حکومتی عہدیداروں اور تاجروں سے ملاقاتیں

July 18, 2019

وزیراعظم عمران خان جمعرات کو ایک روزہ دورے پر لاہور گئے جہاں انہوں نے گورنر، وزیراعلی پنجاب، حکومتی ترجمانوں اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

گورنر نے وزیراعظم کو صاف پانی منصوبے اورکرتارپورراہداری پر پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعلی پنجاب نے پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

عمران خان نے عوام کو ریلیف دینے، مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

پنجاب حکومت کے ترجمانوں نے بھی  وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیراعظم نے اپوزیشن کی تنقید کا بھرپور جواب دینے اورکرپشن کیسز پر عوام کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی پنجاب کے مشیر سلمان شاہ نے ملاقات میں تاجروں سے ہونے والے مذاکرات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم سے لاہور چمبر آف کامرس کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیمبر کے  نمائندوں نے صنعتوں پر لگائے ٹیکسز پر بھی تحفظات سے آگاہ کیا۔ عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹیکس کا نظام درست ہونے تک آگے نہیں بڑھ سکتے۔ مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرکے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی اور کہا کہ انصاف صحت کارڈ کا دائرہ صوبے کے پسماندہ علاقوں تک بڑھایا جائےگا۔