کلبھوشن کیس کا فیصلہ پاکستان کی اخلاقی فتح ہے، شاہ محمود قریشی

July 17, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی عدالت کے فیصلے پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اسے پاکستان کی اخلاقی فتح قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت عالمی عدالت میں یہ موقف لے کر گیا تھا کہ کلبھوشن یادیو جاسوس اور دہشت گرد نہیں بلکہ بے گناہ ہے مگر عالمی عدالت نے بھارت کا موقف مسترد کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں اپنا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا، عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا پاکستان اپنی مرضی سے یادیو کی سزا پر نظرثانی کرسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیصلے سے ایک اہم چیز یہ سامنے آئی ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے پاکستان کی فوجی عدالت کے فیصلے کو منسوخ نہیں کیا جس کی درخواست بھارت نے کی تھی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ساری عالمی برادری نے پاکستان کے نظام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ آج پاکستان میں قید بھارتی خفیہ ایجنسی ''را ''کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے خلاف عالمی عدالت انصاف نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کلبھوشن کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی جبکہ پاکستان کو سزائے موت پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کردی ۔