ناصر جنجوعہ کون ہے؟ سماء نے پتہ لگاليا

July 12, 2019

کوٹ لکھپت جیل میں میاں نواز شریف سے ملاقات کرنے والا ناصر جنجوعہ کون تھا سماء نے پتہ لگالیا۔

تئیس مئی کو جیل میں ناصر جنجوعہ نے نواز شریف سے پینتالیس منٹ تک ون ٹو ون ملاقات کی، ناصر جنجوعہ سے نواز شریف کی ملاقات کے دوران دیگر ن لیگی رہنما جیل کمرے کے باہر کھڑے رہے۔

اس سے قبل بھی ناصر جنجوعہ نواز شریف کے ساتھ جہاز میں سفر بھی کرتے رہے ہیں جبکہ ان کے شریف خاندان سے قریبی مراسم ہیں ۔

لالہ موسی سے تعلق رکھنے والے ناصر جنجوعہ اسلام آباد میں تعمیراتی صنعت کی اہم کاروباری شخصیت ہیں۔

ان کے والد میاں امام دین جنجوعہ نے60 کی دہائی میں مڈجیک کے نام سے کمپنی قائم کی، جس نے کئی بڑے ایئرپورٹ سمیت متعدد بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اپنے بیان حلفی میں بھی بزنس مین ناصر جنجوعہ کا ذکر کیا ہے انہوں نے کہا کہ ناصر جنجوعہ نے مجھے رشوت کی پیشکش کی ۔

ارشد ملک نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ نواز شریف کے کیسز کی سماعت کے دوران ن لیگ کے دو نمائندوں نے مجھ سے رابطے کیے اور کہا کہ نواز شریف منہ مانگی رقم دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپکو کسی بھی ملک میں پیسے ادا کرنے کو تیار ہیں۔ناصر جنجوجہ اور مہر جیلانی نے نواز شریف کو بری کرنے کے لیے دھمکیاں دی جب کہ ناصر جنجوعہ نے نواز شریف کو بری کرنے کے بدلے 20 ملین یورو کی پیشکش کی۔

یاد رہے کہ تیئس مئی کو نوازشریف کی طاقتور کاروباری شخصیت ناصر جنجوعہ سے ملاقات ہوئی ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی سمیت بڑے بڑے لیگی رہنماؤں کو کمرے کے باہر انتظار کرایا گیا۔

ناصر جنجوعہ نواز شریف سے غیرمعمولی ون آن ون ملاقات کے بعد شاہد خاقان عباسی کے سامنے کمرے سے باہر نکلے لیکن سماء کے سوال پر شاہد خاقان عباسی صاف مکر گئے کہا نہ میں ناصر جنجوعہ کو جانتا ہوں اور نہ نوازشریف کی کوئی ملاقات ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی نے ایک اور غلط بیانی بھی کی کہا اُن کی بھی نوازشریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی تاہم سماء تیئس مئی کو شاہد خاقان عباسی کی نوازشریف سے ملاقات کے بعد کی گئی میڈیا سے گفتگو سامنے لے آیا۔