پشاور، نانبائیوں اور انتظامیہ کا روٹی کی قیمت 5 روپے بڑھانے پر اتفاق

July 12, 2019

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے نانبائیوں کے آگے گھٹنے ٹیک دئے اور روٹی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا۔

گزشتہ روز پشاور میں نانبائیوں نے ہڑتال کرتے ہوئے روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جس پر آج جمعہ کو انتطامیہ نے ان سے مذاکرات کیے جس میں فریقین نے 190 گرام کی روٹی 15 روپے میں فروخت کرنے پر اتفاق کرلیا۔

ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمت میں پانچ روپے اضافے کی منظوری دے دی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق 190 گرام کی روٹی 15 روپے جبکہ پراٹھا 20 روپے میں فروخت ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق روٹی کے وزن میں کمی کی گئی توخلاف ورزی کرنے والے نانبائیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب کامیاب مذاکرات کے بعد نانبائیوں نے آج تندورکھول دئے جبکہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہری روٹی کے نرخ بڑھنے پپریشان ہوگئے ہیں۔