کسٹمز نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی

July 12, 2019

کسٹمز نے بیرون ملک سفر کرنے والوں کے ساتھ سامان لے جانے کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

ایکسپورٹ پالیسی پروسیجر آرڈر  کے تحت بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ ایف بی آر سے مشاورت کے بعد پاکستان کسٹمز نے نئی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

کسٹمز کی ایڈوائزری کے مطابق بیرون ملک جانے والے پاکستانی اپنے ساتھ صرف 3 ہزار روپے نقدی لے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسافروں کو سونا چاندی، زیورات ، ہیرے جواہرات، نوادرات بھی ساتھ لے جانے کی ممانعت ہوگی۔

اس کے علاوہ زر مبادلہ ساتھ لے جانے کی سالانہ حد 60 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ 5 سال تک کے بچے کیلئے 6 ہزار ڈالر تک ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔5 سے 18 سال تک کے مسافر سالانہ 30 ہزار ڈالر تک ساتھ لے جانے کے مجاز ہونگے جبکہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 60 ہزار ڈالر سالانہ تک ساتھ لے جا سکتے ہیں۔

ایڈوائزری میں تحریر ہے کہ ملکی مفادات کے خلاف لٹریچر لے جانا بھی سختی سے ممنوع ہے۔ وزارت دفاع کے این او سی کے بغیر اسلحہ، ہتھیار، کیمیائی اجزاء ، ایٹمی تابکاری سے متعلق اشیاء بھی بیرون ملک نہیں لے جائی جاسکتی۔اس کے علاوہ پالتو کتے اور بلیاں لے جانا بھی قرنطینہ سرٹیفیکیٹ سے مشروط ہوگا۔

مسافروں کی شکایات کیلئے ملک کے تمام ائر پورٹس پر سی آر سی سیل قائم کردیا گیا ہے اور نئی ایڈوائزری سے متعلق آگہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔