ہاؤسنگ منصوبہ عوام کوچھت دلانے کا عملی منصوبہ ہے،فردوس عاشق

July 12, 2019

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہاوسنگ منصوبہ عوام کو چھت دلانے کی جانب ایک علمی قدم ہے، جس سے کمزور اور تنخواہ دار طبقے کو اپنا گھر بنانے کا موقع ملے گا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ہاوسنگ منصوبے سے متعلق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ایسی ہے،جسے حکمرانوں کے بجائےعوام کے حقوق کا نگہبان کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبہ عوام کو چھت دلانے کی جانب عملی اقدام ہے، یہ منصوبہ بے گھر افراد کی امیدوں کی تکمیل کا ذریعہ ہے، ہاؤسنگ اسکیم کمزور اور تنخواہ دار طبقے کو نیا اعتماد دے رہی ہے، منصوبہ روشن پاکستان اور فلاحی ریاست کی جانب اہم اقدام ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ایسی ریاست چاہتے ہیں جو شہریوں کے تحفظ کا بیڑہ اٹھائے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جمعرات کے روز نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کیا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت ڈیڑھ سال میں دس ہزار لوگوں کو نئے گھر بناکر دیئے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ تنخواہ دار طبقہ معمولی قسطیں دے کر اپنے گھر کا مالک بن جائے۔

یہ گھر سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری سے تعمیر کئے جائیں گے جس میں حکومت زمین فراہم کرے گی جبکہ نجی شعبہ مکان تعمیر کرے گا۔ اسکیم کیلئے موصول زیادہ فارمز کے بعد قرعہ اندازی کی جائے گی توقع ہے۔

 

حکومت مکانوں کو آسان اقساط پر فراہم کرنے کو فروغ دے رہی ہے جو متعدد ملکوں میں رائج ہے جبکہ نئے پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے سرکاری ملازمین کو مناسب قیمتوں پر مکان مل سکیں گے۔